
اسلام آباد(ڈیلی طالب ) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سینئر رہنما، ترجمان صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر صوبائی نائب صدر میر علی حسن زہری نے آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی، عوامی مینڈیٹ کی پامالی اور نتائج میں مبینہ رد و بدل پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام کے ووٹ پر شب خون مار کر جمہوریت کا چہرہ مسخ کرنے کی کوشش کی گئی جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں پڑنے والے ووٹوں کو مبینہ طور پر منظم انداز میں متاثر کر کے انتخابی نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔ کشمیری عوام نے جس اعتماد کا اظہار اپنے ووٹ کے ذریعے کیا اسے اقتدار کی ہوس میں مبتلا عناصر نے طاقت، اثر و رسوخ اور مبینہ سیاسی انجینئرنگ کے ذریعے دبانے کی کوشش کی۔ یہ اقدام نہ صرف جمہوری اقدار بلکہ کشمیری عوام کے بنیادی حقِ رائے دہی پر بھی حملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہیے تھا مگر ایک بار پھر ایسے الزامات سامنے آئے ہیں کہ عوامی مینڈیٹ کو تسلیم کرنے کے بجائے اقتدار حاصل کرنے کو ترجیح دی گئی۔ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی عوام کا فیصلہ ان کے سیاسی مفادات کے خلاف آیا جمہوری اصولوں کو پسِ پشت ڈالنے کی کوشش کی گئی۔ اقتدار چند نشستوں سے حاصل کیا جا سکتا ہے، مگر عوام کے دل جیتے نہیں جا سکتے۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی توہین کرنے والے وقتی طور پر کامیابی کا جشن منا سکتے ہیں، لیکن تاریخ انہیں عوامی مینڈیٹ کے احترام کرنے والوں میں نہیں بلکہ اس کی پامالی کرنے والوں میں یاد رکھے گی۔ کشمیری عوام باشعور ہیں اور وہ جانتے ہیں کہ ان کے ووٹ کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات پر اٹھنے والے سوالات صرف ایک جماعت کا مسئلہ نہیں بلکہ پورے انتخابی نظام کی ساکھ کا معاملہ ہیں۔ اگر ووٹ کی عزت محفوظ نہیں رہے گی تو عوام کا جمہوری عمل پر اعتماد بھی متزلزل ہوگا۔ اس لیے ضروری ہے کہ انتخابی عمل پر لگنے والے تمام الزامات کی آزاد، غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کرائی جائیں تاکہ حقائق قوم کے سامنے آسکیں۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی تھی، کھڑی ہے اور ہمیشہ کھڑی رہے گی۔ ہم عوام کے ووٹ کی حرمت، آئین کی بالادستی اور حقیقی جمہوریت پر مکمل یقین رکھتے ہیں۔ عوامی مینڈیٹ پر مبینہ ڈاکہ ڈالنے والوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اقتدار ہمیشہ عوام کے فیصلے سے ہی دوام پاتا ہے، جبکہ دھاندلی اور سازشوں کے سہارے حاصل ہونے والی کامیابیاں تاریخ کے کٹہرے میں زیادہ دیر کھڑی نہیں رہ سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر آئینی، قانونی اور جمہوری فورم پر کشمیری عوام کے حقِ رائے دہی، آزادانہ انتخاب اور حقیقی عوامی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ کشمیری عوام کے ووٹ کی توہین دراصل جمہوریت کی توہین ہے، اور اس کے خلاف خاموش رہنا تاریخ کے سامنے اپنی ذمہ داری سے فرار کے مترادف ہوگا۔




