’میں نے اپنے جسم سے محبت کرنا سیکھا‘، سونالی باندرے نے کینسر کو کیسے شکست دی

بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے نے کینسر کی تشخیص اور علاج کے دوران پیش آنے والی مشکلات یاد کرتے ہوئے بتایا ہے کہ انہوں نے اپنی بیماری کو محض ایک جنگ سمجھنے کے بجائے اس تجربے کو سمجھنے اور اس سے سیکھنے کی کوشش کی۔ اداکارہ کے مطابق اپنے جسم کو محبت اور شفقت کے ساتھ قبول کرنا ان کے لیے اہم ثابت ہوا۔
51 سالہ سونالی باندرے نے مادھوری ڈکشٹ کے نئے پروگرام کی پہلی قسط میں شرکت کی، جہاں گفتگو کے دوران انہوں نے کینسر کے ساتھ اپنی جدوجہد کے بارے میں بتایا۔ اس موقع پر مادھوری ڈکشٹ نے ان کی ہمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیماری سے صحت یاب ہونے کے بعد ان کی شخصیت کا ایک مضبوط پہلو سامنے آیا ہے۔
اداکارہ کے مطابق کسی چیز پر قابو پانے یا اس سے لڑنے کی زبان میں اکثر منفی سوچ کا پہلو شامل ہو جاتا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب جسم ہمارا اپنا ہے اور کینسر کے خلیے بھی اسی جسم کا حصہ ہوتے ہیں تو پھر انسان خود اپنے ہی جسم سے کیسے لڑ سکتا ہے؟
سونالی باندرے کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے جسم کو محبت اور شفقت کے ساتھ قبول کرنے کی کوشش کی، حالانکہ اس جسم سے محبت کرنا آسان نہیں تھا جو انہیں شدید تکلیف پہنچا رہا تھا۔ ان کے مطابق اسی سوچ نے انہیں اس مشکل دور سے گزرنے میں مدد دی۔




