آئی ٹی برآمدات ملک کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

وفاقی وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی صنعت نے مالی سال کے دوران برآمدات میں تاریخی کامیابی حاصل کرلی ہے اور بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کام کی جانب سے جاری اعداد وشمار کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
اعداد وشمار میں بتایا گیا کہ آئی ٹی برآمدات میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اسی شعبے کا تجارتی سرپلس 85 فیصد تک پہنچ گیا ہے اور آئی ٹی کا شعبہ اس وقت ملک کا تیزترین ترقی کرنے والا برآمدی شعبہ بن چکا ہے۔
وزارت آئی ٹی نے بتایا کہ گزشتہ سال کے دوران حکومت نے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتوں کی تربیت فراہم کی اور وزارت نے دنیا بھر میں 20 سے زائد بین الاقوامی نمائشوں میں شرکت کا اہتمام کیا، اسی طرح 250 سے زائد پاکستانی آئی ٹی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس کو اپنی مصنوعات اور خدمات عالمی منڈی میں متعارف کرانے کا موقع فراہم کیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ وزیراعظم کے غیرملکی دوروں میں بھی آئی ٹی صنعت کے نمائندوں کو ساتھ لے جایا گیا، دوروں سے نئی منڈیوں تک رسائی، سرمایہ کاری کے مواقع اور بین الاقوامی کاروباری روابط کو فروغ ملا۔


