
کوئٹہ/خاران (یو این اے)ضلع خاران میں رات گئے پیش آنے والے دو الگ الگ انتہائی افسوسناک اور خونریز واقعات میں دو نوجوان جاں بحق جبکہ دو افراد کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے واقعے میں خاران شہر کے علاقے کلی کلان میں نامعلوم مسلح افراد نے حافظ کبیر نامی شخص کے گھر پر دھاوا بول دیا۔ اس دوران گھر والوں کی جانب سے مزاحمت پر مسلح افراد نے اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں حافظ کبیر کا ایک بیٹا موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ مسلح ملزمان حافظ کبیر اور ان کے دوسرے بیٹے کو گن پوائنٹ پر اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے، واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔دوسری جانب خاران ہی کے علاقے کلی سراوان میں پیش آنے والے فائرنگ کے ایک اور واقعے میں محمد اقبال ولد میر محمد عارف قمبرانی نامی شخص نامعلوم افراد کی فائرنگ کی زد میں آ کر جاں بحق ہوگیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں واقعات میں ملوث حملہ آور وارداتوں کے بعد رات کے اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقامی انتظامیہ اور پولیس نے لاشوں کو ہسپتال منتقل کر کے ضروری قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا ہے اور علاقوں کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی گرفتاری اور مغویوں کی بازیابی کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔




