رضوان کے عدم تعاون کی وجہ سے تحقیقات میں تاخیر ہو رہی ہے، این سی سی آئی اے

لاہور (آئی این پی)نیشنل سائبر کرائم انوسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹر امام الحق نے فون کا فرانزک کرا دیا ہے جبکہ محمد رضوان تعاون نہیں کر رہے جس کی وجہ سے تحقیقات میں تاخیر ہو رہی ہے۔ذرائع کے مطابق این سی سی آئی اے نے محمد رضوان سے فون فرانزک کیلئے متعدد بار رابطہ کیا لیکن سابق کپتان عدالتی حکم کو نظرانداز کر رہے ہیں، عدالتی احکامات واضح ہیں کہ کرکٹر انکوائری میں تعاون کریں۔ذرائع نے بتایا کہ این سی سی آئی اے عدالتی احکامات کے باعث محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہے، این سی سی آئی اے (آج)28 ستمبر کو دوبارہ رابطہ کرے گی، رضوان نے تفتیش میں تعاون نہ کیا تو دوبارہ تحریری نوٹس بھیجا جائے گا۔یہ معاملہ پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے دورہ انگلینڈ کے دوران کھلاڑیوں کے مبینہ ڈسپلن اور آف دی فیلڈ رویے سے متعلق سامنے آنے والی میڈیا رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے تفتیش مکمل ہونے تک کسی قسم کا الزام نہیں لگانا چاہتی، کسی کو کٹہرے میں لانا مقصد نہیں، نیشنل ہیروز کو ذمہ داری کا احساس دلانا ہے، امید ہے امام الحق کے فون کا ڈیپ اینالیسز جلد مکمل ہو جائے گا، امام الحق کی طرح رضوان کو بھی تفتیش میں تعاون کرنا چاہیے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ محمد رضوان کو سہولت دینے کے لیے یہ پیشکش بھی کی گئی کہ اگر وہ خود دفتر نہیں آ سکتے تو تحقیقاتی ٹیم ان کے پاس آ سکتی ہے۔




