
کوئٹہ (ڈیلی طالب) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر شیخ بلال احمد خان مندوخیل نے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقدس مقامات کی حرمت اور سلامتی پوری امتِ مسلمہ کے لیے انتہائی اہم ہے۔اپنے ایک بیان میں سینیٹر شیخ بلال احمد خان مندوخیل نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور دیگر مقدس مقامات کو کسی بھی قسم کے حملے کا نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔ مقدس مقامات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہیے، جبکہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے خاتمے کے لیے تمام فریقین کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔سینیٹر شیخ بلال مندوخیل کا کہنا تھا کہ مسلم دنیا مقدس مقامات کی حرمت اور سلامتی کے معاملے پر متحد ہے اور حرمین شریفین کے تحفظ کو ہر سطح پر اہمیت حاصل ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مو¿ثر کردار ادا کرے اور ایسے اقدامات کی روک تھام کی جائے جو کشیدگی میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔




