یاسمین لہڑی کے والد نور احمد کی فوری بازیابی کا مطالبہ
بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال تشویشناک، شہریوں کے تحفظ میں حکومت ناکام ہے، نیشنل پارٹی
کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے رہنماں نے بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سابق رکن بلوچستان اسمبلی یاسمین لہڑی کے والد نور احمد کی فوری اور محفوظ بازیابی کا مطالبہ کیا ہے۔کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل پارٹی بلوچستان کے صوبائی صدر اسلم بلوچ نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال روز بروز خراب ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیر کی شب ضلع کچھی میں سابق رکن اسمبلی یاسمین لہڑی کے والد نور احمد کو ان کے گھر سے مسلح افراد مبینہ طور پر اغوا کرکے لے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت امن و امان کی بہتری کے لیے سنجیدہ اقدامات کرتی نظر نہیں آتی، جس کے باعث شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔سابق رکن بلوچستان اسمبلی یاسمین لہڑی نے کہا کہ ان کے والد کا کسی سے کوئی ذاتی تنازعہ نہیں اور وہ ایک بے ضرر شہری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح افراد رات کے وقت ان کے گھر میں داخل ہوئے اور ان کے والد کو زبردستی اپنے ساتھ لے گئے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نور احمد کی فوری اور بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔رکن بلوچستان اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے کہا کہ تمام ریاستی اداروں اور سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ نور احمد کی بازیابی کے لیے مثر کردار ادا کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اغوا میں ملوث عناصر واضح کریں کہ ایک بے ضرر شہری کو کس بنیاد پر اپنے ساتھ لے جایا گیا۔رکن صوبائی اسمبلی ام کلثوم نے کہا کہ بلوچستان میں حکومتی رٹ کمزور پڑ چکی ہے، جبکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی آئینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ مغوی نور احمد کی محفوظ بازیابی کے لیے فوری عملی اقدامات کیے جائیں اور صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے مثر حکمت عملی اختیار کی جائے۔




