بلوچستان میں امن کے لیے ایف سی کی جگہ لیویز فورس کو بااختیار بنایا جائے، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ
جماعت اسلامی بلوچستان کا ایف سی سے متعلق صوبہ بھر میں عوامی ریفرنڈم کرانے کا اعلان

کوئٹہ(یو این اے )امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دیرپا استحکام کے لیے لیویز فورس کو مکمل اختیارات، وسائل اور جدید سہولیات فراہم کر کے مثر بنایا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی ایف سی سے متعلق عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے صوبہ بھر میں عوامی ریفرنڈم کا انعقاد کرے گی۔جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مختلف وفود سے ملاقات اور اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی، دہشت گردی اور نوجوانوں کی لاشیں ملنے کے واقعات میں اضافہ باعث تشویش ہے، جبکہ شہری اپنے جان و مال کے تحفظ کے حوالے سے عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کا تحفظ ریاست اور متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے، جسے مثر انداز میں پورا کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ چیک پوسٹوں پر عوام کے ساتھ ناروا سلوک، تذلیل، بھتہ خوری اور دیگر شکایات کے باعث عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، اسی لیے جماعت اسلامی عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کرانے کا فیصلہ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی امن کے قیام، عوامی حقوق کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر جمہوری، آئینی اور قانونی فورم پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مزید کہا کہ زیارت دھرنا عوام، سیاسی جماعتوں اور قبائلی عمائدین کی مشترکہ جدوجہد ہے جو اپنے مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ دھرنے کے تمام جائز مطالبات فوری طور پر تسلیم کیے جائیں، واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے تاکہ عوام کا ریاستی اداروں پر اعتماد بحال ہو سکے۔

