بلوچستان

سانحہ زیارت کی شفاف تحقیقات ، آزاد جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، آل پارٹیز کیچ

شہدا کے ورثا کے مطالبات فوری منظور کیے جائیں، تربت میں آج احتجاجی ریلی کا اعلان

سانحہ زیارت کی شفاف تحقیقات ، آزاد جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، آل پارٹیز کیچ
سانحہ زیارت کی شفاف تحقیقات ، آزاد جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے، آل پارٹیز کیچ

تربت(یو این اے )آل پارٹیز کیچ نے ضلع زیارت کے علاقے مانگی ڈیم میں پولیس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت اور ان کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ شہدا کے ورثا کے تمام جائز مطالبات فوری طور پر منظور کیے جائیں۔آل پارٹیز کیچ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ بلوچستان میں جاری بدامنی، قتل و غارت اور امن و امان کی خراب صورتحال صوبائی حکومت کی ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بلوچستان کی کوئی بھی قومی شاہراہ یا ضلع مکمل طور پر محفوظ نہیں، جبکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی بنیادی آئینی ذمہ داری ہے، جس کی ادائیگی میں صوبائی حکومت ناکام دکھائی دیتی ہے۔ترجمان نے مطالبہ کیا کہ مانگی ڈیم سانحہ کی شفاف، غیرجانبدار اور مثر تحقیقات کے لیے ایک آزاد اور بااختیار جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے تاکہ واقعے کے ذمہ دار عناصر کا تعین کرکے انہیں قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔انہوں نے اعلان کیا کہ مانگی ڈیم کے شہدا سے اظہارِ یکجہتی اور واقعے کے خلاف بدھ 15 جولائی کو صبح 10 بجے تربت پریس کلب کے سامنے ایک پرامن احتجاجی ریلی نکالی جائے گی۔ آل پارٹیز کیچ نے تمام سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی، وکلا، طلبہ اور عوام سے اپیل کی کہ وہ احتجاجی ریلی میں بھرپور شرکت کرکے امن، انصاف اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔

متعلقہ خبریں

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button