
لاہور (ڈیلی طالب )لاہور کے علاقے گلشن راوی میں ایک بیکری میں خراب سینڈوچ واپس کرنے کے معاملے پر خاتون پر مبینہ تشدد کے واقعہ کے بعد پولیس نے بیکری عملے کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ۔پولیس ذرائع کے مطابق یہ واقعہ چند روز قبل پیش آیا، جب ایک خاتون خریدا گیا خراب سینڈوچ واپس کرنے کے لئےبیکری پر گئیں۔ عملے نے سینڈوچ واپس لینے سے انکار کیا، جس پر دونوں فریقین کے درمیان تلخ کلامی ہو گئی۔صورتحال اس وقت مزید بگڑ گئی جب خاتون نے مبینہ طور پر کیش کانٹر کے قریب رکھا ایک ڈبہ نیچے گرا دیا اور کیشیئر کو تھپڑ مار دیا۔ اس کے ردعمل میں کیشیئر نے خاتون پر مبینہ تشدد کیا۔دوسری جانب متاثرہ خاتون کا موقف ہے کہ انہوں نے کوئی پہل نہیں کی، بلکہ بیکری عملے نے پہلے انہیں گالیاں دیں، بدتمیزی کی اور پھر انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ تھانہ گلشن راوی میں درج کر لیا گیا ہے۔ تاہم، بیکری کے کیشیئر نے گرفتاری سے بچنے کے لیے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔



